ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حامد انصاری نے ایک بار پھر بی جے پی کے الزامات کی تردید کی

حامد انصاری نے ایک بار پھر بی جے پی کے الزامات کی تردید کی

Sat, 16 Jul 2022 13:21:58    S.O. News Service

نئی دہلی، 16؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) سابق نائب صدر حامد انصاری نے جمعہ کو ایک بار پھر اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی پاکستانی صحافی نصرت مرزا کو ہندوستان نہیں بلایا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کو ایک بار پھر سابق نائب صدر پر پاکستانی صحافی کے ساتھ روابط رکھنے کا الزام لگایا۔ پارٹی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے دونوں کی تصویر جاری کی اور پھر سابق نائب صدر حامد انصاری کو گھیرا۔

سابق نائب صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سابق نائب صدر ایک بار پھر اپنے بیان پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ انہوں نے کبھی بھی پاکستانی صحافی نصرت مرزا کو کسی کانفرنس میں مدعو نہیں کیا۔ اس میں، دیگر مواقع کے علاوہ، دہشت گردی پر 2010 اور 2009 کی کانفرنسیں بھی شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستانی صحافی نصرت مرزا نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یو پی اے حکومت کے دور میں 5 بار ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ساتھ جمع کی گئی حساس معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ سابق نائب صدر حامد انصاری کی دعوت پر ہندوستان آئے تھے۔

بی جے پی نے آج کہا کہ آئینی عہدہ پر فائز کوئی بھی شخص پروٹوکول کے مطابق جانکاری لے کہ کون کون پروگرام میں شرکت کرنے والا ہے۔ ایسے میں کیا یہ ماننا درست نہیں ہوگا کہ کانگریس چاہتی تھی کہ پاکستان سے کوئی شخص ہندوستان میں داخل ہو اور ہندوستان کی سالمیت کو ٹھیس پہنچائے؟ اگر حامد انصاری چاہتے تو کہہ سکتے تھے کہ اس شخص کو کانفرنس میں نہ بلایا جائے۔ وہ پاکستانی صحافی کے ساتھ سٹیج شیئر کرنے سے انکار کر سکتے تھے۔ حامد انصاری جس پلیٹ فارم پر بیٹھے تھے اسی پلیٹ فارم پر پاکستان کا ایک بہروپیا صحافی بھی موجود تھا۔


Share: